بھارتی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اپنی شادی کے لباس سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔
عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی 14 اپریل 2022ء کو ممبئی میں اِن کے گھر ’واستو‘ میں نہایت سادگی سے ہوئی تھی۔
اس خاص موقع پر عالیہ بھٹ نے مشہور ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کی تیار کردہ سفید اور سنہری رنگ کی آرگَنزا ساڑھی زیب تن کی تھی جسے ڈیزائنر کی جانب سے ’چائے ڈِپ سفید‘ رنگ کا نام دیا گیا تھا۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ میں نے اپنی شادی کے دن روایتی سُرخ لباس کے بجائے ہلکے رنگ کی ساڑھی پہننے کا فیصلہ صرف اس لیے کیا تھا کیونکہ میں خود کو آرام دہ اور پُراعتماد محسوس کروانا چاہتی تھی۔
’ووگ میگزین‘ سے گفتگو کے دوران عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ میں خود کو ساڑھی میں سب سے زیادہ آرام دہ محسوس کرتی ہوں۔ سبیاساچی کے ساتھ پہلی بات چیت میں ہی میں نے واضح کردیا تھا کہ میں اپنی شادی میں ساڑھی ہی پہننا چاہتی ہوں اور میرے لیے سب سے اہم چیز پُرسکون رہنا ہے۔
عالیہ کے مطابق جب رنگ کے بارے میں بات ہوئی تو اُنہوں نے سفید اور سنہری رنگ کی ساڑھی کی خواہش کا اظہار کیا جس پر سبیاساچی نے آرگنزا ساڑھی کا مشورہ دیا جو سادہ ہونے کے باوجود نہایت شاہانہ انداز میں بنائی گئی تھی۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی ساڑھی میں ایک خاص ٹرین (لباس کا وہ لمبا پچھلا حصہ ہے جو عموماً عروسی لباس، ساڑھی یا گاؤن کے ساتھ پیچھے کی جانب زمین پر گھسٹتا ہوا نظر آتا ہے) شامل کی گئی تھی جس پر ان کی شادی کی تاریخ اور ایک نہایت ذاتی اور خفیہ جملہ ’مسز ہپسٹر‘ لکھا گیا تھا جس کا مطلب صرف عالیہ اور رنبیر کو ہی معلوم ہے۔
زیورات کے حوالے سے عالیہ بھٹ نے بتایا کہ اُنہوں نے سبیاساچی کا تیار کردہ بغیر تراشے ہیرے کا سیٹ پہنا تھا جس میں بڑا ہار، بڑے جھمکے اور مانگ ٹیکا شامل تھا۔
