محکمۂ موسمیات کی جانب سے صوبہ بلوچستان کے موسم کی صورتحال سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم و خشک رہنے کاامکان ہے، وادی کوئٹہ میں مطلع صاف اور موسم خشک جبکہ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں موسم معتدل اور جنوبی اضلاع میں گرم ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، کل تربت اور سبی میں درجۂ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
امریکا کا بھارت سے علاقائی استحکام اور امن برقرار رکھنے کا مطالبہ
امریکا نے بھارت سے علاقائی استحکام اور امن برقرار رکھنے کا مطالبہ کردیا۔
واشنگٹن میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مصری کی نائب امریکی وزیر خارجہ کرسٹوفر لنزاوا سے ملاقات ہوئی ہے۔
کرسٹوفر لنزاوا نے امریکا اور بھارت کے درمیان قریبی شراکت داری جاری رکھنے کا عزم کیا اور بھارت سے مارکیٹ رسائی کا مطالبہ دہرایا۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے مائیگریشن اور اینٹی نارکوٹکس تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ بھارت کے سیکریٹری خارجہ 27 مئی سے 3 روزہ دورے پر امریکا میں ہیں۔
میری انجری ایسی تھی جو میرے کیریئر کےلیے خطرہ بن گئی تھی: حسن علی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ میری انجری ایسی تھی جو میرے کیریئر کےلیے خطرہ بن گئی تھی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت ٹف ٹائم گزرا ہے، سات آٹھ ماہ بہت محنت کی، کم بیک کبھی آسان نہیں ہوتا اس کا مجھے اندازہ ہے۔
حسن علی نے کہا کہ میں پرفارمنس سے خوش ہوں، زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستان ٹیم نے میچ جیتا، میں ہمیشہ پازیٹو رہتا ہوں اور کم بیک کے لیے کوشش کرتا ہوں، پرفارمنس اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، ایسا بڑے بڑے کرکٹرز کے ساتھ ہوتا ہے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ پرفارمنس سے اعتماد بڑھتا ہے، کم بیک کرنے کی خوشی ہوئی ہے، ہمارے میڈیکل پینل نے بہت اچھا کام کیا ہے، میں نے اپنے پرانے دوستوں کے ساتھ 6 برسوں کے بعد کھیلا ہوں، کم بیک ہوا 5 وکٹیں لیں اور پاکستان جیتا یہ سب الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ میں ابھی 2026ء کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بارے میں نہیں سوچ رہا، ابھی اس سے پہلے سیریز بہت ہیں، ہم نے سادہ پلان اختیار کیا ہے اور سب اس پلان کے مطابق کھیلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فینز کا ہمیشہ شکریہ ادا کرتا ہوں جو مجھے کم بیک پر سپورٹ کرتے ہیں، میں اپنی پرفارمنس اپنی فیملی، خود کو اور سپورٹ اسٹاف کے نام کرتا ہوں جنہوں نے بڑی مدد کی۔
اپنے ہیئر اسٹائل کے بارے میں بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ بالوں کا یہ اسٹائل اچھا لگتا ہے، جب تنگ آجاؤں گا تو کٹوا دوں گا۔
انکا کہنا تھا کہ یہ میچ میرے لیے بڑا اہم تھا کیونکہ مجھے ریڈ بال کا بولر کہا جانے لگا تھا، میں کسی ایک فارمیٹ کا بولر بن کر نہیں رہنا چاہتا۔
قومی ٹیم کے کھلاڑی نے یہ بھی کہا کہ ہمیں نئے سیٹ اپ نے ایک کلیئر پیغام دیا ہوا ہے کہ ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلنا ہے، جس طرح آج کل ٹیمیں کھیل رہی ہیں جیتنے کے لیے ہمیں ان سے بہتر ہونا ہے، ہم سب کی بات ہوئی ہے کہ ہم روٹیشن پالیسی اپنائیں گے۔
اونیجا رابنسن بھی پاکستانی کھانوں کی دیوانی
محبت کی شادی کے لیے پاکستان آنے والی 33 سالہ امریکی خاتون اونیجا رابنسن بھی پاکستانی کھانوں کی دیوانی نکلیں۔
مشہور امریکی اونیجا رابنسن نے حالیہ انٹرویو میں پاکستان، اس کے عوام اور ثقافت سے اپنی گہری محبت کا اظہار کیا ہے۔
اونیجا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ مجھے پاکستانی کھانوں سے بھی بے حد لگاؤ ہے۔
چکن بریانی میرا پسندیدہ ترین پکوان ہے، اس کے بعد انڈہ پراٹھا اور چکن قیمہ بھی ٹاپ لسٹ میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مجھے ہلکے ذائقے بھی پسند ہیں اور تیز مصالحے دار کھانے بھی۔
اونیجا نے کہا کہ پاکستان صرف ایک جگہ نہیں، یہ ایک احساس ہے جو میرے دل میں بسا ہوا ہے، یہاں کے لوگ، یہاں کی ثقافت، یہاں کی مہمان نوازی سب کچھ مجھے آج بھی یاد ہے۔
مودی کی ناکام پالیسیاں؛ بھارت میں کروڑوں لوگ آج بھی خوراک سے محروم
مودی سرکار کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے بھارت میں آج بھی کروڑوں لوگ خوراک جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔
بھارت میں غذائی بحران دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے اور مودی سرکار کی مسلسل ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں دنیا کی چوتھی بڑی معیشت ہونے کا دعوے دار ملک کروڑوں لوگوں کو آج بھی بھوکا رکھے ہوئے ہے جہاں انہیں خوراک بھی میسر نہیں۔
بھارت میں خوراک کے بحران کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ورلڈ ہنگر انڈیکس کی رینکنگ میں بھارت 105 ویں نمبر پر ہے، اس رینکنگ نے مودی کے اپنے ملک کو معاشی طاقت قرار دینے کے دعوے کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔
بھارت کے امیر ایک فیصد طبقے کو نکالا جائے تو عوام کی حالت افریقا کے پسماندہ ترین ممالک سے بھی بدتر ہو گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی مجموعی دولت کا 40 فیصد صرف ایک فیصد امیر طبقے کے پاس ہے۔ مڈل اور لوئر مڈل کلاس عوام کے پاس محض 3 فیصد دولت ہے جب کہ تقریباً 70 کروڑ بھارتی شہریوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی معاشی ترقی صرف اشاریوں میں دکھائی جاتی ہے جب کہ دیہی بھارت فاقہ کشی کا شکار، ہے۔ اسی طرح بھارت کی 90 فیصد لیبر فورس مقرر کردہ سے کم اجرت لیتی ہے۔
مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں کے باعث 27 فیصد سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
شہری کے اغواء کا الزام، 2 پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج
سندھ کا بجٹ عوام کے مفاد میں بنایا جائے، مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سندھ کا نئے مالی سال کا بجٹ عوام کے مفاد میں بنایا جائے، جو ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہونے والی ہیں ان کے فنڈز فوری جاری کریں اور نئی اسکیموں کی تجاویز شارٹ لسٹ کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔
ایران میں موساد کیلئے جاسوسی کرنے والے کو پھانسی دے دی گئی
ایران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا۔
ایران کی عدلیہ کے میڈیا سینٹر کے مطابق پیدرام مدانی نامی شخص کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کےلیے جاسوسی کے جرم میں پھانسی دے دی گئی۔
مجرم کو قانونی کارروائی، مقدمہ، اپیل اور سپریم کورٹ سے حتمی توثیق کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔
مدانی کو تقریباً 5 سال قبل گرفتار کیا گیا تھا، اس پر الزام تھا کہ وہ اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے ساتھ رابطے میں تھا، غیر قانونی طریقے سے دولت حاصل کر رہا تھا اور جاسوسی کی تربیت حاصل کرنے کےلیے جرمنی کے کئی دورے کر چکا تھا۔
ایرانی عدلیہ نے واضح کیا ہے کہ پھانسی سے پہلے مدانی کے خلاف مکمل قانونی کارروائی ہوئی۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں یہ کارروائی انتہائی اہم سمجھی جا رہی ہے، تہران بارہا اسرائیل پر اندرونی تخریبی سرگرمیوں اور جاسوس نیٹ ورک بنانے کا الزام لگاتا آیا ہے، جبکہ اسرائیل نے ان الزامات پر عمومی طور پر خاموشی اختیار کی ہے۔
مدانی کی پھانسی ایسے وقت پر دی گئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال نازک ہے اور ایران، اسرائیل کو خطے میں اپنی ریاستی خودمختاری کےلیے خطرہ قرار دیتا ہے۔
یمنیٰ کے گلشن میں 1 کروڑ ’پھولوں‘ کا اضافہ
یمنی زیدی 10 ملین یعنی 1 کروڑ فالوورز ہونے پر خوشی سے جھوم اٹھی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے تشکر کا اظہار کیا۔
انہوں اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنے چاہنے والوں کےلیے خوبصورت پیغام شیئر کرتے ہوئے پرستاروں کو پھولوں سے تشبیہ دے دی۔
انہوں نے لکھا کہ کچھ عرصہ قبل میں نے خوشی کا ایک بیج بویا تھا اور اب میرا گلشن محبت، احترام اور خوشیوں سے بھرا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آپ سب کا بہت شکریہ 10 ملین (1 کروڑ) خوبصورت پھول میرے انسٹاگرام کے گلشن میں ہیں۔
یمنیٰ زیدی کا شمار پاکستان کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے دل ناامید تو نہیں، ترے ڈر سی جاتی ہے صلہ، پری زاد، صنفِ آہن، پیار کے صدقے اور یہ رہا دل سمیت کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ تاہم جیو کے ڈرامہ سیریل تیرے بن نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب میں روٹی کی قیمت کم کرنے کی ہدایت
لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں آٹا سستا ہونے پر روٹی کے نرخ کم کرنے کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز نے آٹے کے نئے نرخ کے مطابق روٹی کی قیمت مقرر کرنے اور پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو روٹی کا ریٹ کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چکن، سبزیوں اور دالوں کے نرخ کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن سستا چکن کھا لیتا تھا، چکن مہنگا ہوا تو غریب ہفتے میں ایک دن بھی نہیں کھا سکے گا اور مجھے یہ ہرگز برداشت نہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لائیں گے، آٹے کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست غریب عوام کو پہنچنا چاہیے۔ آٹے کے نرخ میں کمی کے تناسب سے روٹی کا نیا ریٹ مقرر کیا جائے گا۔
پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی بریک ڈاؤن کے باعث کراچی کو پانی کی فراہمی میں کمی
کراچی واٹر کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شدید گرمی میں پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے بریک ڈاؤن ہو رہے ہیں، جس سے پانی کی فراہمی میں دشواری ہے۔
ترجمان کے مطابق 27 مئی کو کے تھری اور فورتھ فیز کی بجلی بند رہی، جس سے شہر کو 45 ملین گیلن پانی کی فراہمی نہیں ہوسکی جبکہ 28 مئی کو رات 2:45 پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا اور بحالی صبح 7:50 پر ہوئی۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق 28 مئی کو کے تھری کی بجلی مکمل بند رہی اور 28 مئی کو بھی شہر کو 45 ملین گیلن پانی فراہم نہ ہو سکا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دو دن میں شہر میں 90 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی تاہم شہر میں پانی کی فراہمی اب معمول پر ہے۔