پاکستانی ٹیلی وژن کی سینئر اور ورسٹائل اداکارہ صبا فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ میری اسکرین پر موجودگی ڈراموں کی کامیابی اور ٹی آر پیز میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
صبا فیصل متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، حال ہی میں انہیں نجی ٹی وی کے ڈرامے میں منٹو نہیں ہوں میں بھی خوب سراہا گیا۔
حال ہی میں صبا فیصل ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے ڈراموں کی کامیابی سے متعلق گفتگو کی۔
اس موقع پر صبا فیصل نے کہا کہ جو ڈرامے میں کرتی ہوں وہ ہمیشہ مقبول ہوتے ہیں، میں پورے اعتماد سے کہہ سکتی ہوں کہ میرے تمام ڈرامے سپر ڈوپر ہٹ ہوتے ہیں، اس رمضان میں میں نے دو ڈرامے کیے، دل والی گلی میں اور آس پاس، دل والی گلی میں کو بڑی تعداد میں ناظرین نے دیکھا اور پسند کیا، اگرچہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اس کے ویوز زیادہ نہیں تھے، مگر ٹی وی ناظرین نے اسے خوب سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرا ڈرامہ لاکھوں اور کروڑوں ویوز حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
صبا فیصل کے مطابق جب مجھے یہ ڈرامہ آفر کیا گیا تو میں نے ابتدا میں کمزور کردار کی وجہ سے انکار کیا، لیکن ٹیم نے کہا کہ اگر آپ کریں گی تو یہ ہٹ ہوگا، مجھے نہیں معلوم کیسے، مگر جب میں سیٹ پر ہوتی ہوں تو مجھے خود اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ پراجیکٹ ہٹ ہوگا۔
