16 C
Lahore
Thursday, December 18, 2025
ہومانٹرٹینمنٹجیمز کیمرون راجہ مولی کی کس فلم کے چند مناظر فلمانے کے...

جیمز کیمرون راجہ مولی کی کس فلم کے چند مناظر فلمانے کے خواہشمند؟


ایس ایس راجہ مولی اور جیمز کیمرون—فائل فوٹوز

معروف ہالی ووڈ ہدایت کار جیمز کیمرون نے ایس ایس راجہ مولی کی ایک فلم کے چند مناظر فلمانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  جیمز کیمرون نے ایس ایس راجہ مولی کی زیرِ ہدایت ببنے والی مہیش بابو اور پریانکا چوپڑا کی فلم ’وارانسی‘ کے لیے چند مناظر خود فلمانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

یہ بات جیمز کیمرون نے اپنی آنے والی فلم ’اواتار: فائر اینڈ ایش‘ کی تشہیر کے دوران ایس ایس راجہ مولی سے ورچوئل گفتگو میں کہی ہے۔

اس موقع پر ہالی ووڈ ڈائریکٹر نے ناصرف فلم کے سیٹ پر آنے کی خواہش ظاہر کی بلکہ چند مناظر شوٹ کرنے کی پیشکش بھی کر دی۔

گفتگو کے دوران جیمز کیمرون نے راجہ مولی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مصروف شیڈول کے باوجود نئی اواتار سیریز کی فلم کی تشہیر کے لیے وقت نکال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ اس وقت فلم ’وارانسی‘ کی شوٹنگ میں بہت مصروف ہیں، جب آپ کی نئی فلم سنیما گھروں میں لگے تو مجھے ضرور یاد رکھیے گا، مجھے دوسرے فلم سازوں کے ساتھ کام کے حوالے سے گفتگو پسند ہے۔

بعد ازاں جیمز کیمرون نے ’وارانسی‘ کے سیٹ پر آنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے سیٹ پر آنا چاہوں گا، کیا میں کبھی آ کر آپ کو آپ کا جادو تخلیق کرتے دیکھ سکتا ہوں؟ میرے خیال میں آپ کی شوٹنگ طویل چلے گی، اس لیے کافی وقت ہے، جب آپ کچھ دلچسپ کر رہے ہوں، جیسے کہ شیروں چیتوں کے ساتھ کوئی سین تو مجھے ضرور بتائیے گا۔

گفتگو ختم کرنے سے پہلے کیمرون نے راجہ مولی کو ایک بار پھر پیشکش کی کہ میں اپنی بات پر قائم رہوں گا اور آپ کے سیٹ پر آؤں گا، آپ مجھے کیمرہ دے سکتے ہیں، مجھے اس سے شوٹ کرنا بے حد پسند ہے، میں آپ کے لیے کچھ سیکنڈ یونٹ شاٹس لے سکتا ہوں۔

واضح رہے کہ فلم ’وارانسی‘ کی ایس ایس راجہ مولی کی ہدایت کاری میں شوٹنگ جاری ہے جس کی کہانی ان کے والد وجیندر پرساد نے تحریر کی ہے۔

فلم میں مہیش بابو مرکزی کردار رودرھا میں نظر آئیں گے، پریانکا چوپڑا اپنی تیلگو فلمی شروعات میں کردار منداکنی ادا کریں گی جبکہ پرتھوی راج سوکمارن منفی کردار کمبھ کے روپ میں دکھائی دیں گے، فلم کی ریلیز 2027ء میں ہو گی۔

دوسری جانب فلم ’اواتار: فائر اینڈ ایش‘ جیمز کیمرون کی اواتار فرنچائز کی تیسری فلم ہے، اس سے قبل 2009ء میں اس سلسلے کی پہلی فلم ’اواتار‘ نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے تھے جس کے بعد اس سلسلے کی دوسری فلم ’اواتار: دی وے آف واٹر‘ 2022ء میں سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔

فلم ’اواتار: فائر اینڈ ایش‘ کا عالمی پریمیئر یکم دسمبر کو ہوا ہے اور یہ 19 دسمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات