فلپائن کے مشیرِ قومی سلامتی ایڈورڈو ایم آنو نے کہا ہے کہ بونڈی بیچ کے حملہ آوروں کی فلپائن میں کسی ٹریننگ کےثبوت نہیں ملے۔
منیلا سے جاری کے گئے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ محض ملک کا دورہ دہشت گردی کی تربیت کے الزامات کو ثابت نہیں کرتا۔
فلپائنی مشیرِ قومی سلامتی کے مطابق دونوں افراد کی فلپائن میں کسی بھی طرح کی تربیت ممکن نہیں تھی۔
واضح رہے کہ اتوار کو سڈنی کے بونڈی بیچ پر 2 افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی تھی، اس واقعے میں 15 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ دونوں حملہ آوروں نے فلپائن کا دورہ کیا تھا اس بات کی فلپائن کی حکومت نے بھی تصدیق کی کہ بونڈی بیچ کے حملہ آوروں نے نومبر میں فلپائن کا دورہ کیا تھا۔
فلپائن امیگریشن کے مطابق بونڈی بیچ کے حملہ آور بھارتی شہری کی حیثیت سے فلپائن پہنچے تھے، حملہ آور باپ اور بیٹے نے گزشتہ ماہ بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا سفر کیا تھا۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا تھا کہ دونوں حملہ آور باپ بیٹے 50 سالہ ساجد اکرم اور 24 سالہ نوید اکرم یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن پہنچے تھے اور 28 نومبر کو فلپائن سے واپس چلے گئے تھے۔
