بھارتی انڈسٹری کی معروف کامیڈین بھارتی سنگھ فلم دھریندھر سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ عائشہ خان کے قد کاٹھ پر متنازع تبصرے کے بعد سخت تنقید کی زد میں ہیں۔
فلم ’کس کس کو پیار کروں 2‘ کی ٹیم فلم کی پرموشن کے لیے کامیڈی شو ’لافر شیفس سیزن 3‘ کے سیٹ پر پہنچی۔
اس موقع پر شو کی میزبان اور کامیڈین بھارتی سنگھ نے عائشہ خان کے قد کاٹھ پر تبصرہ کیا جسے کئی ناظرین نے نامناسب قرار دیا۔
شو میں عائشہ خان کی انٹری کے دوران بھارتی سنگھ نے اِن کا موازنہ کامیڈین کرشنا ابھیشک سے کرتے ہوئے ان کے قد و قامت کو مردانہ قرار دیا جس کے بعد عائشہ خان واضح طور پر غیر آرام دہ محسوس کرتی نظر آئیں اور فوراً کپِل شرما کی جانب بڑھ گئیں۔
صورتحال کی نزاکت کو محسوس کرتے ہوئے کپِل شرما نے بھارتی سنگھ سے سوال کیا کہ آپ نے یہ تعریف کی ہے یا آپ کے ذہن میں کچھ اور چل رہا ہے، پرول گلاٹی نے بھی معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کہنا درست نہیں تھا۔
بعد ازاں بھارتی سنگھ نے اپنی صفائی میں کہا کہ چونکہ وہ حاملہ ہیں اس وجہ سے کچھ بھی کہہ جاتی ہیں۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی کے تبصرے کو غیر مہذب اور لمبے قد کی خواتین کی توہین قرار دیا ہے جبکہ کچھ صارفین نے کہا کہ عائشہ خان کا قد و قامت ویسا بھی نہیں جیسا بیان کیا گیا۔
