کراچی ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے کئی سال سے کھڑے طیاروں کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مختلف ایئر لائنز کے کھڑے طیارے کباڑ بن گئے ہیں اور کراچی ایئرپورٹ پر کھڑے 25 سے زائد طیاروں میں پرندوں نے گھونسلے بنا لیے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اکثر ناکارہ طیارے قانونی مسائل اور مقدمات کی وجہ سے ہٹائے نہیں جاسکے، اب ایئرپورٹ اتھارٹی نے مختلف آپشن پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ جنک یارڈ میں کھڑے سب سے زیادہ 20 طیارے بند ہونے والی نجی ایئر لائن کے ہیں جبکہ قومی ایئر لائن کے 7 ناکارہ طیاروں کو بھی ٹھکانے لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ ناکارہ طیاروں میں متعدد بار آگ لگنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں اور طویل عرصے سے گراؤنڈ طیاروں سے پرزے چوری ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
