میانوالی میں ٹول پلازہ کے عملے نے ٹول ٹیکس میں رعایت مانگنے پر کار سوار کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
جناح بیراج داؤد خیل ٹول پلازہ پر کار سوار پر تشدد کی ویڈیو سامنے آئی ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تشدد کا شکار شہری اسلام آباد کا رہائشی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق کار سوار شہری راستہ بھٹکنے پر 4 بار ٹول پلازہ سے گزرا اور ٹیکس بھی ادا کیا۔
علاقہ مکین کے مطابق کار سوار شہری نے آخری بار ٹول ٹیکس میں رعایت مانگی تو عملے نے تشدد کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کے نوٹس پر ٹول پلازہ کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
