پشاور:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر ریسکیو 1122 نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق تمام اضلاع میں ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں اور ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق ریسکیو اہلکار مختلف دریاؤں کے کنارے پٹرولنگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
اسی کے ساتھ ساتھ ٹیمیں عوام الناس کو ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق آگاہی بھی فراہم کر رہی ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور سطح کی مسلسل نگرانی جاری ہے، جبکہ ادارہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل ہم آہنگی اور رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بروقت اور مربوط کارروائی ممکن ہو۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن 1122 مکمل طور پر فعال ہے اور شہری کسی بھی وقت ایمرجنسی میں کال کر کے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں۔