27 C
Lahore
Tuesday, July 22, 2025
ہومغزہ لہو لہوکراچی: شاہ لطیف ٹاؤن سے 3 ماہ قبل اغوا کیے جانے والا...

کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن سے 3 ماہ قبل اغوا کیے جانے والا کمسن بچہ ڈرامائی انداز میں بازیاب



کراچی:

شاہ لطیف ٹاؤن سے 3 ماہ قبل اغوا کیے جانے والا کمسن بچہ ڈرامائی انداز میں بازیاب کرا لیا گیا ، مغوی بچے کی بازیابی اس کے دوست کی نشاندہی پر ممکن ہوئی ، مغوی بچے کے دوست نے اپنے دوست کوعلاقے  کی مسجد کے باہر بھیک مانگتے ہوئے دیکھا اسے شناخت کرلیا اور اسی مسجد میں نماز پڑھنے والے مغوی کے چاچا کو فوری اطلاع دی جس نے پولیس سے مدد لیکر ملزم کو گرفتار کرایا اور اپنے بھتیجے کو بازیاب کرایا لیا ۔

تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 17 اے سے رواں سال 4 مئی کو گھر کے باہر سے کھیلتے ہوئے کمسن بچہ 3 سالہ حسین لاپتہ ہوگیا تھا جسے اہلخانہ نہ ہر جگہ تلاش کیا جبکہ اس کی گمشدگی کی اطلاع شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں بھی درج کرائی، بعدازاں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے 27 مئی کو بچے کے اغوا کا مقدمہ اس کے چچا ناصر حسین کی مدعیت میں درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔

 اس حوالے سے مغوی حسین کے والد آصف حسین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا آبائی تعلق ملتان سے ہے وہ سیکٹر17 اے شاہ لطیف ٹاؤن میں رہتے ہیں اور اپنے بھائی ناصر حسین کے ساتھ سبزی کی فروخت کا کام کرتے ہیں ان کے 4 بچے ہیں ، تقریباً 3 ماہ قبل ان کا 3 سالہ بیٹا حسین علی سبزی کے اسٹال پر ساتھ تھا جبکہ ہمارا گھر بھی قریب واقع ہے ، میرا بچہ ذہنی طور پر کمزور ہے اور وہ اسٹال سے اچانک اٹھ کر گھر کی طرف چل پڑا لیکن کچھ دیر بعد جب میں گھر پہنچا تو میرا بیٹا گھر پر موجود نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری اہلیہ نے پوچھا کہ حسین علی کہاں ہے؟ جس پر میں پریشان ہوگیا کہ بچہ تو گھر کی جانب گیا تھا وہ کہاں چلا گیا ، ہم بیٹے کے لاپتہ ہونے پر پریشان ہوگئے اور اسے ہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کوئی پتہ نہ چل سکا جس پر شاہ لطیف تھانے میں اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع دی بعدازاں پولیس نے میرے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا لیکن میرے لخت جگر کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

 بیٹے کے لاپتہ ہونے کے بعد سے پورا خاندان بہت پریشان تھا جبکہ اس کی والدہ کی حالت بھی غیر ہو رہی تھی تاہم خدا سے امید تھی کہ ہمارا بیٹا ضرور ملے گا اور ہمیں ہمارا بیٹا مل گیا اور ہم خدا کے شکر گزار ہیں۔

مغوی حسین کے ڈرامائی انداز میں ملنے کے واقعے میں اس کے دوست کا بہت بڑا کردار سامنے آیا ہے اور اس حوالے سے مغوی 3 سالہ حسین کے کمسن دوست نے بتایا کہ وہ گزشتہ روز علاقے کی فاروق اعظم مسجد میں اپنے والد کے ہمراہ نماز پڑھ کر باہر آیا تو مسجد کے باہر ایک مشکوک شخص  کے ساتھ کم عمر بچہ بھیک مانگ رہا تھا جب میں نے اس بچے کو دیکھا تو معلوم ہوا یہ تو میرا گم شدہ دوست حسین علی ہے اور اپنے دوست کو پہچان کر میں نے اس کی اطلاع مسجد میں ہی نماز پڑھنے آنے والے مغوی حسین کے چاچا کو دی جس پر انھوں ںے فوری طور پر پولیس کی مدد سے میرے دوست کو مجھ سے واپس ملوا دیا اور مشکوک شخص کو پولیس نے پکڑ لیا۔

مغوی حسین کے چاچا ناصر حسین نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے بھتیجے کو اغوا اور اس سے بھیک منگوانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس کی شناخت شہریار کے نام سے کی گئی جبکہ ملزم پیشہ وار بھکاری بتایا جاتا ہے۔

 گرفتار ملزم شہریار نے ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ بچہ اس کے سسر کو سعود آباد سے ملا تھا ، بچے کو لیکر میں مسجد کے پاس بھیک مانگنے گیا تھا تاکہ میں بچے کو کچھ خرید کر کھلا سکوں کیونکہ میں بیروزگار ہوں۔

 اس حوالے سے ایس ایچ او شاہ لطیف صدر الدین میرانی نے بتایا کہ اہلخانہ کی نشاندہی پر مغوی بچہ بازیاب ہوا اور پولیس نے ایک مبینہ اغوا کار کو بھی گرفتار کرلیا جس سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

بازیاب بچے کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے اور واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کو مکمل کر کے اس میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کیا جائے ۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات