لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم شروع ہونے سے گرمی اور حبس کی شدت بڑھنے لگی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے چوتھے مون سون کے اسپیل کے لیے 20 سے 25 جولائی کے لیے الرٹ جاری کیا ہے تاہم آج لاہور میں بارش ہونے کے امکانات کم ہیں۔
مون سون کی بارشیں برسانے والا سسٹم آج پاکستان میں داخل ہو جائے گا، چوتھا سلسلہ قدرے زیادہ طاقتور ہے۔ مذکورہ وقت کی ممکنہ بارش کے پیش نظر واسا، ایل ڈبلیو ایم سی، بلدیہ عظمیٰ اور محکمہ ہاوسنگ کی تیاریاں جاری ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاءالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گجرانوالہ میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، پنجاب کے دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈی جی کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات کر دی۔ دریاؤں ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔