اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) نے الیکٹریکل گاڑیوں کے فروغ کیلیے پاکستان میں تیار یا اسمبل کی جانے والی اور درآمد شدہ گاڑیوں پر ایک سے 3 فیصد نیو انرجی وہیکل (این ای وی) اپنا لیوی کا اطلاق کردیا ہے۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے لیوی کی شرح کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے یہ نیا ٹیکس سسٹم روایتی انجن ( انٹرنل کمبسچن انجن ) والی گاڑیوں پر لاگو ہے تاکہ برقی اور توانائی موثر گاڑیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
فنانس ایکٹ کے پہلے شیڈول کے مطابق 1300 سی سی سے کم انجن والی مقامی طور پر تیار یا اسمبل شدہ روایتی گاڑیوں پر مینوفیکچرر کو انوائس قیمت (ڈیوٹی اور ٹیکسز سمیت ) کا ایک فیصد ایڈ ویلورم لیوی ادا کرنا ہو گی۔
امپورٹر کو تشخیصی مالیت (ڈیوٹی اور ٹیکسز سمیت) کا ایک فیصد ایڈ ویلورم لیوی دینا ہوگی۔ 1300 سی سی سے 1800 سی سی انجن والی مقامی تیار شدہ یا سمبل شدہ گاڑیوں پر دوفیصد ایڈ ویلورم لیوی نافذ ہو گی اور انوائس قیمت پر لاگو ہوگی۔
اسی کیٹگری کی گاڑیوں کے امپورٹرز کو تشخیصی مالیت کا دو فیصد ایڈ ویلورم لیوی دینا ہوگی۔ 1800سی سی سے زیادہ والی گاڑیوں کے مقامی مینوفیکچرر کو 3فیصد ایڈ ویلورم لیوی اور امپورٹرز کو بھی 3فیصد ایڈ ویلورم لیوی دینا ہوگی۔ مقامی طور پر اسمبل شدہ بسیں اور ٹرک بھی ایک فیصد لیوی کے دائرے میں آئیں گے۔