تہران:
ایران میں شدید ہیٹ ویو کے باعث پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور حکومت نے عوام سے پانی کے استعمال میں احتیاط کرنے پر زور دیا اور درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی نیشنل میٹرولوجیکل سروس نے بتایا کہ ملک میں اس وقت رواں سال کا گرم ترین ہفتہ ہے اور متعدد علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کر گیا ہے۔
میٹرولوجیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ تہران میں اتوار کو درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور پیر کو 41 ڈگری کی پیش گوئی ہے۔
حکومت کے ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ ہیٹ ویو کی وجہ سے تہران میں بدھ کو عام تعطیل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جاری ہیٹ ویو اور پانی اور بجلی کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے تہران صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
تہران شہر کے کونسل چیئر مہدی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پینے کا پانی ضائع کرنے گریز کریں، اسی طرح ایران بھر میں دیگر حکام نے بھی پانی کے حوالے سے شہریوں سے احتیاط کرنے کی اپیلیں کی ہیں۔
تہران کی صوبائی واٹر منیجنٹ کمپنی نے شہریوں کو پانی کی قلت سے بچنے کے لیے استعمال 20 فیصد کم کرنے کی اپیل کی۔
بیان میں کہا گیا کہ حالیہ برسوں میں برف باری میں معمولی کمی کے باعث تہران کو پانی فراہم کرنے والے ڈیمز اس وقت پانی کی سطح کم ترین پوزیشن پر ہے۔