بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد سے کھیلوں کے میدان میں بھی پاکستانیوں نے بھارتیوں کو شکست سے دوچار کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں اپریل میں نامعلوم افراد کے حملے میں 26 افراد مارے گئے تھے۔ بھارت نے بغیر ثبوت اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا، تاہم پاکستان نے الزام مسترد کرتے ہوئے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی تھی۔
امریکا نے پہلگام واقعہ کی مذمت کی تھی مگر پاکستان پر الزام سے متعلق بھارت کے بےبنیاد دعوے کی حمایت نہیں کی تھی۔
طاقت کے نشے میں مبتلا بھارت نے 7 مئی کو پاکستان پر جنگ مسلط کردی تھی جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا تھا اور 3 رافیل طیاروں سمیت 6 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔
اس تمام جنگی صورتحال کے دوران اور بعد میں کھیلوں کے کئی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔
جنگ کے دوران پاکستان نے ہینڈ بال میں بھارت کو شکست دی جبکہ گزشتہ روز والی بال اور اسنوکر میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارت کو دھول چٹائی۔
گزشتہ روز بحرین میں ہونیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز اسنوکر محمد آصف کے نام رہی، محمد آصف نے فائنل میں بھارت کے برجش دامانی کو چار۔تین سے شکست دی جبکہ گزشتہ روز ہی پاکستان ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا تھا، سیمی فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 0-3 سے آؤٹ کلاس کر دیا تھا۔
اس سے قبل 5 جولائی کو پاکستان کے سہیل عدنان نے بھارت کے آیان دھنوکا کو شکست دے کر ایشین جونیئر اسکواش کے انڈر 13 فائنل میں کامیابی حاصل کی تھی۔
29 مئی کو پاکستان کی انڈر 12 ٹیم بھارت کو 0-2 سے شکست دے کر اے ٹی ایف انڈر 12 ساؤتھ ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی تھی۔
25 مئی کو پاکستان کی بانو کوثر نے ایشین جو جِٹسو چیمپئن شپ میں روایتی حریف بھارت کی رچا شرما کو شکست دے کر طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
ایونٹ کے تیسرے دن پاکستان کی بانو کوثر نے خواتین کے مقابلے میں جوجِٹسو کی 48 کلوگرام کیٹیگری میں بھارتی کھلاڑی رچا شرما کو فیصلہ کن مقابلے میں شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔
20 مئی کو پاکستان نے ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو 1-14 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
9 مئی کو ایشین بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو 0-2 سے ہرا کر ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔