29 C
Lahore
Saturday, July 19, 2025
ہومانٹرٹینمنٹ’پریٹی لٹل بے بی‘ کی گلوکارہ کونی فرانسس انتقال کرگئیں

’پریٹی لٹل بے بی‘ کی گلوکارہ کونی فرانسس انتقال کرگئیں


کونی فرانسس: فوٹو امریکی میڈیا 

معروف امریکی پاپ گلوکارہ کونی فرانسس 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر ان کا انگریزی گانا ‘پریٹی لٹل بے بی’  بھی وائرل ہوا تھا، جس پر انہیں کافی حیرانی ہوئی تھی۔

برطانوی اخبار کے مطابق  1950 اور 1960 کی دہائی کی مشہور امریکی پاپ گلوکارہ کونی فرانسس کے قریبی دوست  نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

کونی فرانسس کا شمار بیٹلز سے قبل کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں ہوتا تھا۔ ان کا مشہور گیت “Who’s Sorry Now ” نہ صرف موسیقی کی دنیا میں سنگ میل ثابت ہوا بلکہ اسی عنوان سے انہوں نے اپنی دلخراش خود نوشت بھی تحریر کی۔ 

دیگر مشہور نغموں میں “Pretty Little Baby”, “Stupid Cupid”, “Don’t ” اور دیگر  شامل ہیں۔

فرانسس نے صرف گلوکاری ہی نہیں کی بلکہ کئی فلموں میں بھی کام کیا، جن میں “Where the Boys Are” اور “Follow the Boys” قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر کے مداحوں کے لیے اپنے گیت اطالوی اور ہسپانوی سمیت کئی زبانوں میں دوبارہ ریکارڈ کیے۔

گلوکارہ کی زندگی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ المیوں سے بھی بھری رہی۔  نوعمری میں انہیں بوبی ڈیرن سے  محبت ہوئی تھی، لیکن ان کے والد نے شادی کی افواہوں پر مشتعل ہو کر ڈیرن پر بندوق تان لی تھی، جس سے ان کا رشتہ ختم ہو گیا تھا۔ 

1974 میں ایک ہوٹل میں ان پر چاقو کی نوک پر جنسی حملہ ہوا، جس کے بعد وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار رہیں، فرانسس نے ہوٹل انتظامیہ کے خلاف ناقص سیکیورٹی پر مقدمہ دائر کیا، جس پر 1976 میں عدالت نے انہیں 25 لاکھ ڈالر ہرجانے کا حکم دیا۔ بعد ازاں دونوں فریقین نے اپیل کے دوران 14 لاکھ 75 ہزار ڈالر میں معاملہ عدالت سے باہر طے کر لیا۔ 

گلوکارہ فرانسس کا کہنا تھا کہ اس سانحے نے ان کی ازدواجی زندگی تباہ کر دی اور وہ کئی برسوں تک شدید ذہنی صدمے کا شکار رہیں۔

ان پر ایک اور قیامت 1981 میں ٹوٹی جب ان کے بھائی جارج کو ان کے نیو جرسی کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں ان کے والد نے انہیں ذہنی امراض کے اسپتال میں داخل کروادیا تھا، جہاں انہیں بائی پولر ڈس آرڈر (شدید ذہنی دباؤ) کی تشخیص ہوئی۔

گلوکارہ نے ایک موقع پر درجنوں نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی تھی، جس کے بعد وہ تین دن تک بے ہوش رہی تھیں۔

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق فرانسس کی چار شادیاں ہوئیں، جن میں سے صرف تیسری شادی کو وہ “قابلِ برداشت” قرار دیتی تھیں۔

2025 میں ان کا پرانا گیت “Pretty Little Baby” ٹک ٹاک پر وائرل ہو گیا، جس پر انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “سچ بتاؤں تو مجھے یہ گانا یاد ہی نہیں تھا! مجھے دوبارہ سننا پڑا۔ 

کونی فرانسس کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی آواز سے دل جیتے، بلکہ اپنی زندگی کے دکھ سکھ سے لاکھوں دلوں کو چھوا۔ ان کی آواز اور کہانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات