سینیٹ انتخابات پر پی ٹی آئی امیدواروں کے درمیان اختلافات کے معاملے پر ناراض تحریکِ انصاف کے رہنماؤں اور وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ناراض امیدواروں میں عرفان سلیم، عائشہ بانو، ارشاد حسین اور وقاص اورکزئی شامل ہیں، جنہوں نے سینیٹ انتخابات سے دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ ناراض سینیٹ امیدواروں کی وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرانے گئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج رات 9 بجے ناراض رہنماؤں کی علی امین گنڈاپور سے دوسری ملاقات ہو گی۔
ناراض رہنماؤں کا گزشتہ ملاقات میں مؤقف تھا کہ ہم کسی صورت کاغذاتِ نامزدگی واپس نہیں لیں گے۔
ناراض رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر ہم کاغذات واپس لیں تو جے یو آئی اور پیپلز پارٹی ایک، ایک سیٹ سے دستبردار ہو جائیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت میں بھی اختلافات ہیں، سلمان اکرم راجہ چاہتے ہیں کہ دیرینہ کارکنوں کو موقع ملے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عاطف خان، شیر علی ارباب اور جنید اکبر بھی ناراض رہنماؤں کے حامی ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور بلا مقابلہ انتخابات اور سینیٹ کے موجودہ امیدواروں کے حق میں ہیں۔