بلوچستان کے علاقے مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق مستونگ میں قومی شاہراہ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
ترجمان شاہد رند کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی کی گاڑی نشانہ بنی ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔