بھارتی کرکٹ بورڈ کے پاس پیسوں کی تفصیلات بھارتی میڈیا میں آگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ بھارتی بورڑ کے لیے کماؤ پوت بن گئی ہے جس نے گزشتہ مالی سال میں بھارتی بورڈ کے کُل بجٹ کا آدھے سے زیادہ حصہ کمایا۔ آئی پی ایل کا بی سی سی آئی کے ریونیو میں 59 فیصد سے زیادہ کا حصہ رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی بورڈ نے مالی سال 24-2023 میں 9 ہزار 741 کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کمائے، بی سی سی آئی کی کُل کمائی میں آئی پی ایل نے 5 ہزار 761 کروڑ کما کر دیے۔
آئی پی ایل کے علاوہ بی سی سی آئی کی آمدنی میں ویمنز پریمیئر لیگ، اسپانسر شپ اور میڈیا رائٹس کے پیسے بھی ہیں۔ بی سی سی آئی کے ریزرو اکاؤنٹس میں 30 ہزار کروڑ کے قریب پیسے پڑے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سود کی مد میں بی سی سی آئی کو سالانہ 1 ہزار کروڑ روپے آتے ہیں، علاوہ ازیں بی سی سی آئی کو آئی سی سی سے سالانہ کمائی کی مد میں بھی بڑا شیئر ملتا ہے۔