اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی بہن کو سوچی سمجھی سازش کے تحت قتل کیا گیا ہے۔
معروف ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، اُن کی لاش 9 ماہ بعد کراچی کے فلیٹ سے برآمد ہوئی جس کے بعد عوام اور شوبز حلقوں کی جانب سے انصاف کے مطالبے شدت اختیار کر گئے ہیں۔
حال ہی میں حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے واقعے پر شدید شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اُن کی بہن کی موت حادثاتی نہیں بلکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کی گئی واردات ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس افسران نے مجھے بتایا ہے کہ جب فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا تو پچھلا دروازہ پہلے سے کھلا ہوا تھا جبکہ چھت کی کھڑکی بھی مسلسل کھلی رہی جس کی وجہ سے بدبو نہیں پھیلی، یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل لگتا ہے اور ہمیں 90 فیصد یقین ہے کہ یہ قتل ہے۔
نوید اصغر نے کہا کہ میرے خیال میں اس واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، مکان مالک کا مکمل ڈیٹا، اس کا کال ڈیٹیل ریکارڈ حاصل کیا جائے اور یہ بھی معلوم کیا جائے کہ وہ کتنے عرصے سے کراچی میں رہ رہا ہے اور کہیں اس کا لاہور سے بھی کوئی تعلق تو نہیں۔
بھائی نے مطالبہ کیا کہ حمیرا کی ٹریول ہسٹری کی بھی مکمل چھان بین کی جائے، یہ دیکھنا ضروری ہے کہ وہ تنہا سفر کرتی تھیں یا کسی کے ساتھ، کیونکہ اس پہلو سے بھی کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔
نوید اصغر نے شکوہ کیا کہ حمیرا کے آخری پروجیکٹس میں شامل ساتھی فنکار و عملہ بھی مکمل تعاون نہیں کر رہا، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ان کے ساتھی کھل کر بات کیوں نہیں کر رہے؟ کیا وہ کسی سے ڈر رہے ہیں؟ اگر وہ بے گناہ ہیں تو تعاون کریں تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔