JEHLUM:
پنجب کے ضلع چکوال میں بادل پھٹنے سے شدید بارش کے سبب جہلم میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی جہاں فوج نے 29 افرد کو ریکسیو کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی نگرانی میں جہلم میں بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن گزشتہ 24 گھنٹے سے تیزی سے جاری ہے اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر تازہ ترین حالات سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا۔
پاک فوج کی مدد سے جمعرات کو صبح جہلم سے 35 کلومیٹر دور ڈھوک مرجان میں انتظامیہ نے پانی میں گھرے 29 لوگوں کو ریسکیو کر لیا۔
وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے فوری کارروائی پر پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا اور حکام کا کہنا تھا کہ چکوال میں بادل پھٹنے سے 424 ملی میٹر بارش ہوئی اور اس کے نتیجے میں پانی کے تیز بہاؤ نے کشتیوں کا استعمال ناممکن بنا دیا تھا، جس کے بعد فوج نے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے عوام کو بچایا۔
وزیرمملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم میں متاثرہ عوام کی مدد کے لیے ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، کیمپس میں رہائش کے علاوہ کھانا، پانی اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب بھر میں عوام کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں، منتخب نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں انتطامیہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی مدد کر رہےہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ جہلم میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے لیے خصوصی کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کر رہا ہے، جہلم میں 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی لیکن صورت حال میں زیادہ خرابی کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی اترنے پر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، علاقے میں عوام کی بحالی تک ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رہے گا اور اسی طرح ڈیموں کی نگرانی اور پشتے محفوظ بنانے کا کام بھی جاری ہے۔