29 C
Lahore
Friday, July 18, 2025
ہومغزہ لہو لہوجڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند،...

جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند، نشیبی علاقے زیر آب



اسلام آباد:

جڑواں شہروں میں رات بھر سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہو گیا ہے، جب کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔

متعلقہ اداروں نے پری الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات اور واسا ذرائع کے مطابق، اب تک راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 102 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

گوالمنڈی میں نالہ لئی کی سطح 14 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ کٹاریاں پل پر سطحِ آب 11 فٹ تک بلند ہو گئی ہے جس کے بعد پری الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں بھی مختلف علاقوں میں نمایاں بارش ریکارڈ ہوئی، جن میں سیدپور میں 51 ملی میٹر، گولڑہ 73 ملی میٹر، بوکڑہ 87 ملی میٹر، پی ایم ڈی 57 ملی میٹر، شمس آباد 66 ملی میٹر اور چکلالہ میں 102 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

راولپنڈی کے حساس نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہو گیا ہے، جہاں واسا کی ٹیمیں ہائی الرٹ پر موجود ہیں۔ واسا ترجمان کے مطابق بارش کے مکمل رکنے پر پانی نکالنے کا آپریشن شروع کیا جائے گا۔

نالہ لئی کے اطراف بالخصوص گوالمنڈی، نیو کٹاریاں اور پیرودھائی کے علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ گوالمنڈی میں سطحِ آب 14.1 فٹ پر پہنچنے کی صورت میں الرٹ جاری کیا جائے گا۔

میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو راولپنڈی محمد عثمان گجر کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارشوں کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 راولپنڈی رات گئے سے الرٹ ہیں اور ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف اور نشیبی علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ صبح 11 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات