کراچی:
شہر قائد میں نیو کراچی کے علاقے بشیر چوک میں ایل پی جی گیس کی دکان پر تین مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔
واردات کے دوران ملزمان نے دکاندار سمیت موجود خریداروں کو بھی لوٹ لیا اور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فوٹیج کے مطابق، تین ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر دکان پر پہنچے۔ ایک ملزم نے دکاندار کو اسلحہ دکھا کر یرغمال بنایا، جب کہ دیگر نے گاہکوں سے نقدی اور موبائل فونز چھین لیے۔
سی سی ٹی وی میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ملزم کا چہرہ نمایاں اور قابل شناخت ہے، جو تفتیشی عمل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔