ڈسٹرکٹ چکوال میں بدھ کی شب کلاؤڈ برسٹنگ (بادل پھٹنے) کے باعث طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس نے شہری و دیہی علاقوں میں نظامِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق اب تک 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جو حالیہ برسوں کی سب سے شدید بارشوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر چکوال سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ضلعی سطح پر نکاسیِ آب امدادی سرگرمیوں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ لی۔
ڈی سی چکوال نے آگاہ کیا کہ واسا، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، میونسپل ادارے اور دیگر تمام محکمے فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کے لیے مشینری بھی موقع پر روانہ کر دی گئی ہے۔
ایمرجنسی صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام سرکاری ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر پبلک عمارات میں ریلیف سرگرمیوں کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں گشت کر رہی ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے یقین دہانی کروائی کہ ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے لیے تمام تر وسائل اور مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، ضلعی ادارے الرٹ ہیں اور عوامی تعاون سے ہی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی ہے کہ مقامی سطح پر شہریوں کو فوری آگاہی فراہم کی جائے تاکہ کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور کھلی نالیوں سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔