سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد اسلام آباد کے ایران ایونیو پر لگے ہاتھوں کے ماڈلز کو ہٹا دیا گیا۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے ہاتھوں میں گلوب کے 2 ماڈل ایران ایونیو پر نصب کیے تھے۔ سی ڈی اے کے حکام کے مطابق سوسائٹی کی جانب سے ماڈلز ڈیزائن کی منظوری کے بغیر نصب کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے سی ڈی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ڈی 12 ایران ایونیو کے پاس ایک مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی، مجسمہ کی یادگار میں 2 طاقتور ہاتھوں میں لوہے اور پتھر سے بنے ہوئے الگ الگ گلوب دکھائے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ ماڈل مفت فراہم کیا، اس کا مقصد سی ڈی اے روڈ انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے تحت اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانا تھا، یہ ایک زیر تعمیر ماڈل تھا جسے سوسائٹی نے ازخود ہٹا دیا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد سی ڈی اے نے ماڈلز ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین نے ماڈلز پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ آخر کس نے ان ماڈلز کو نصب کرنے کی اجازت دی ہے؟
جیو نیوز کے رابطے پر سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ سرکاری ادارے کا اس ماڈل کی تنصیب سے کوئی تعلق نہیں، یہ ماڈل ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نصب کر رہی تھی۔