کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے ایشیا کپ کے بعد پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی بھارت میں نومبر دسمبر میں جونیئر ورلڈ کپ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ اس بارے میں حکومت جلد اعلان کرے گی۔ پی ایچ ایف کو ایشیا کپ اور جونیئر ورلڈکپ سے متعلق آگاہ کیا جا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کو بتا دیا گیا ہے کہ رواں برس کوئی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔ یاد رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک تامل ناڈو میں ہوگا۔ پاکستان کی مینز ٹیم نے 2018 میں بھارت میں ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی ۔ بھارت اگلے ماہ ایشیا کپ میں جاپان، کوریا، چین، ملائیشیا، عمان اور چائنیز تائپے کی میزبانی کرے گا۔ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کو پول بی میں چلی اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ رکھا کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے ابھی تک حکومتی کلیئرنس جاری نہیں کی گئی ہے۔ بھارت کے سابق کپتان اور ہاکی انڈیا کے موجودہ صدر دلیپ ٹرکی نے کہا ہے کہ کو ابھی تک ایشیا کپ کرکٹ اورجونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے حکومت کی طرف سے باقاعدہ منظوری نہیں ملی ہے۔ پاکستان کے دونوں ٹورنامنٹس میں شرکت کی توقع تھی ۔ لیکن ابھی تک کلیئرنس نہیں ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے دونوں ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکارکردیا۔