بھارتی فلم کے گیت ’لڑکی بیوٹی فل‘ سے مشہور گلوکار فاضلپوریہ پر قاتلانہ حملہ ہوگیا، وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
بھارتی ہریانوی میوزک انڈسٹری کے مشہور گلوکار اور ریپر فاضلپوریہ راہول یادو فائرنگ کے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بال بال بچ گئے۔ یہ واقعہ گروگرام کے قریب سدرن پیریفرل روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر اچانک گولیاں برسادیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فاضلپوریہ کہیں جارہے تھے کہ اچانک کچھ نامعلوم افراد نے ان کی کار پر متعدد فائر کیے، گولیوں کی بوچھاڑ سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم فاضلپوریہ محفوظ رہے۔
حملہ آور فائرنگ کے فوراً بعد جائے وقوع سے فرار ہو گئے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، پولیس نے فوری طور پر جائے وقوع کا جائزہ لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج اور موقع پر موجود عینی شاہدین کے بیانات جمع کیے جا رہے ہیں، حملہ فی الحال ایک پلینڈ کارروائی معلوم ہو رہا ہے، مگر اس کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ فاضلپوریہ نے اپنے گاؤں ’فاضلپور‘ سے متاثر ہو کر اس اسٹیج نیم کو اختیار کیا تھا، وہ ہریانوی لوک موسیقی اور جدید بیٹس کا امتزاج بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔
ان کے مشہور گانوں میں ’لڑکی بیوٹی فل‘، ’جمی چُو‘ اور ’پارٹی‘ شامل ہیں۔