بلوچستان کے ضلع دکی میں لونی قبیلے کے سردار نے قبائلی روایت سے ہٹ کر اپنے بھائی کے مبینہ قاتل کو خود سزا دینے کے بجائے قانون کے حوالے کردیا۔
لیویز حکام کے مطابق دُکی میں جمعہ کو نوجوان کی مسخ شدہ لاش ملی تھی۔ مقتول لونی قبیلے کے سردار فاروق خان لونی کا چھوٹا بھائی تھا۔
لونی قبائل نے مبینہ قاتل کو پکڑ لیا تھا۔ قبیلے کی روایت کے مطابق قاتل کو اسی طرح، اسی مقام پر سزا دی جانی تھی جس طرح اس نے قتل کیا تھا۔
لیکن عین موقع پر قبیلے کے سردار نے بھائی کے مبینہ قاتل کو خود سزا دینے کا فیصلہ ترک کردیا اور ملزم کو لیویز کے حوالے کرکے قانون کی بالادستی کی مثال قائم کی۔
گرفتار ملزم مقتول نوجوان کا 40 لاکھ روپے کا مقروض تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔