ماضی کے معروف گلوکار اور نازیہ حسن کے بھائی ذوہیب حسن نے اداکارہ حمیرا اصغر علی کی المناک موت پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحومہ کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے۔
اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں ذوہیب حسن نے کہا کہ حمیرا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اگر انہیں یہ اعزاز دیا جائے تو ان کے اہل خانہ کو یہ یقین دلایا جا سکے گا کہ ان کی بیٹی کی محنت اور جدوجہد بےمعنی نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور خاتون، شوبز جیسی مشکل دنیا میں خود کو منوانا آسان نہیں اور حمیرا نے یہ راہ نہایت ہمت اور حوصلے سے طے کی۔
ذوہیب حسن نے اُن تمام خواتین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو مردانہ غلبے والے معاشرے میں اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے بہادری سے زندگی گزارتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں کئی خواتین آتی ہیں، کچھ کامیاب ہوتی ہیں، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ بہت سی گمنامی کی نذر ہو جاتی ہیں۔
اس سے قبل بھی گلوکار نے سوشل میڈیا پر حمیرا کی تنہائی میں ہوئی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کو اکیلا رہنے والی خواتین کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔
واضح رہے کہ ستارہ امتیاز پاکستان کا چوتھا بڑا سول ایوارڈ ہے، جو ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے قوم و ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔