کراچی(نیوز ڈیسک)نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے اس ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات اس اعلان کے بعد ہو رہی ہے جس میں امریکی صدر نے نیٹو اتحادیوں کو ہتھیار فروخت کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے تاکہ وہ یہ اسلحہ یوکرین کو منتقل کر سکیں۔غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیٹو نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ روٹے صدر ٹرمپ، وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور کانگریس کے اراکین سے ملاقات کریں گے۔ وائٹ ہاؤس نے اس دورے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادی، ریپبلکن سینیٹر لندسے گراہم نے اتوار کو کہا کہ یوکرین کی جنگ ایک اہم موڑ پر پہنچ گئی ہے اور ٹرمپ یوکرین کی روس کے خلاف جنگ میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔ حالانکہ انتخابی مہم کے دوران وہ اس جنگ کو امریکی ٹیکس دہندگان کے پیسوں کا ضیاع قرار دے چکے تھے۔