29 C
Lahore
Monday, July 14, 2025
ہومانٹرٹینمنٹنوازالدین صدیقی نے بیماری کے دوران 12 دن تک تیمار داری کی:...

نوازالدین صدیقی نے بیماری کے دوران 12 دن تک تیمار داری کی: محمود اختر


—فائل فوٹوز

پاکستان کے سینئر اداکار محمود اختر نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بالی ووڈ اداکار نوازالدین صدیقی کی انسان دوستی اور بے لوث ہمدردی پر مبنی ایک واقعہ بیان کیا جو شوبز انڈسٹری میں دوستی اور خلوص کی شاندار مثال ہے۔

محمود اختر جو پی ٹی وی کے سنہری دور سے اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں، انہوں نے ایک شو میں گفتگو کے دوران اپنی والدہ کی دعاؤں، کیریئر میں پیش آنے والی مشکلات اور فن کے لیے اپنی لگن کے حوالے سے تفصیل سے بات کی۔

محمود اختر نے انٹرویو کے دوران ایک ایسا واقعہ بھی شیئر کیا جو ان کے دل کے بہت قریب ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ میں یورپ میں ایک پروجیکٹ پر کام کر رہا تھا، شوٹنگ دو مختلف مقامات پر ہونی تھی، پہلے مقام پر میں اچانک شدید علیل ہوگیا مجھے ہارٹ اٹیک ہوا، خون میں شدید جمنے کی شکایت تھی اور میری فیملی بھی میرے ساتھ نہیں تھی، پروڈکشن ٹیم کو دوسرے مقام پر جانا تھا، لیکن ایسے وقت میں ایک بھارتی اداکار میرے ساتھ ٹھہر گیا اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ نوازالدین صدیقی تھے۔

انہوں نے مزید کہا نوازالدین صدیقی اُس پروجیکٹ میں بطور اداکار شامل بھی نہیں تھے، وہ صرف عملے کے ساتھ تھے لیکن انہوں نے 12 دن تک میری دیکھ بھال کی، میرے ساتھ اسپتال میں رہے، جب تک میرا بیٹا وہاں پہنچ نہیں گیا، وہ وقت میں آج تک نہیں بھولا۔

اداکار نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فنکاروں کے درمیان محبت اور ہمدردی صرف سرحدوں تک محدود نہیں، نوازالدین جیسے انسان آج بھی اس دنیا میں موجود ہیں جو بغیر کسی مفاد کے کسی کی مدد کرتے ہیں۔

محمود اختر کی کہانی سن کر ناظرین جذباتی ہو گئے اور سوشل میڈیا پر نوازالدین صدیقی کے اس عمل کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کہانیاں انسانیت کی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہیں۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات