حمیرا اصغر کی موت کے بعد احمد علی بٹ پوڈ کاسٹ دوبارہ پوسٹ کرنے پر شدید تنقید کی زد میں آگئے، سوشل میڈیا پر صارفین منافقت اور مفاد پرستی کے الزامات لگانے لگے۔
معروف پاکستانی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی اچانک اور پراسرار موت نے پورے ملک کو افسردہ کر دیا، اداکارہ کی المناک موت کے بعد سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ان کی پرانی ویڈیوز، انٹرویوز اور پوڈکاسٹس بڑے پیمانے پر گردش کرنے لگے، اسی دوران معروف اداکار، میزبان اور کامیڈین احمد علی بٹ نے بھی حمیرا اصغر کا پرانا پوڈکاسٹ دوبارہ اپنے پلیٹ فارم پر شیئر کیا، جسے ابتدائی طور پر تقریباً 11 ماہ قبل پوسٹ کیا گیا تھا، دوبارہ اپلوڈ کیے جانے کے بعد اس ویڈیو نے دیکھتے ہی دیکھتے 2 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کر لیے۔
احمد علی بٹ کے اس اقدام پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، صارفین کی بڑی تعداد نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ حمیرا اصغر کی موت کو ذاتی فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور ان کے اس عمل کو منافقت اور موقع پرستی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ سب لوگ کلپس شیئر کر رہے تھے، اس نے سوچا میں بھی کیوں پیچھے رہوں، اس لیے پورا پوڈکاسٹ ری اپلوڈ کر دیا۔
ایک اور صارف نے کہا کہ جیسے ہمیں نہیں پتہ تم نے ویڈیو کیوں دوبارہ پوسٹ کی، بس زیادہ ویوز اور پیسے کمانے کے لیے کیونکہ وہ اب خبروں میں ہیں۔
شدید تنقید کے بعد احمد علی بٹ نے انسٹاگرام پر وضاحتی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ مرحومہ حمیرا اصغر علی اور ان کے خاندان کے حوالے سے بہت سی غلط معلومات گردش کر رہی ہیں، ہم نے پوڈکاسٹ کو دوبارہ صرف اس نیت سے شیئر کیا ہے کہ لوگ اصل حمیرا اور ان کی زندگی کی جدوجہد کو جان سکیں، لوگ مختلف کلپس کو اپنے مقاصد کے لیے ایڈٹ کرکے چلا رہے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ مکمل پوڈکاسٹ دیکھا جائے۔