سندھ پولیس کی جانب سے انوکھا مگر اچھا اقدام سامنے آیا ، گٹکا کھانے والے پولیس اہلکار و افسران کی شامت آگئی، سندھ پولیس کے افسران و اہلکار جو بھی گٹکا کھانے کے عادی ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گٹکے کے عادی افسران و اہلکاروں کی فہرست تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو گٹکا، ماوا چھوڑنے کےلیے 10 روز کی مہلت دی گئی ہے، جس کے بعد ایکشن لیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ گٹکا کھانے سے صحت کے ساتھ پولیس کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے، گٹکا کھانا ترک نہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی، غیر سنجیدگی پر ملازمت سے برخاستگی بھی ہو سکتی ہے۔
سندھ بھر کے اضلاع سے گٹکا کھانے والے پولیس اہلکاروں کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہر 15روز بعد پیش رفت رپورٹ ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو جمع کروائی جانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔