بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں کناڈا ٹی وی کی اداکارہ منجولا شروتی شوہر کی جانب سے کیے گئے قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منجولا شروتی پر ان کے شوہر امریش نے بے وفائی کے شبہے میں حملہ کیا ہے، امریش نے مبینہ طور پر شروتی پر پہلے مرچوں کا اسپرے کیا اس کے بعد اداکارہ کی پسلی، ران اور گردن پر وار کرتے ہوئے ان کا سر دیوار سے دے مارا۔
خیال رہے کہ اداکارہ منجولا شروتی کو ان کے شوہر نے 4 جولائی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، مگر اس کی خبر حال ہی میں سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منجولا اور امریش کی شادی کو 20 سال ہو چکے ہیں اور ان کے دو بچے ہیں۔ کچھ عرصے سے ان کے تعلقات کشیدہ تھے، جس کے باعث تین ماہ قبل شروتی نے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
منجولا شروتی اس وقت وکٹوریا اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ پولیس نے اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے امریش کو گرفتار کر لیا ہے۔