سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ فرانسیسی پراسیکیوٹرز نے پلیٹ فارم کے خلاف ڈیٹا میں رد و بدل اور فراڈ کے الزامات پر پولیس تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پراسیکیوٹر آفس کی جانب سے جمعے کو کیے گئے اعلان میں بتایا گیا کہ فرنچ جینڈر مری کی ایک شاخ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ تحقیقات دو مخصوص الزامات پر کی جارہی ہے جن میں ایک الزام آٹو میٹڈ ڈیٹا پروسیسنگ سسٹم کے استعمال سے منظم طریقے سے ڈیٹا میں رد و بدل اور دوسرا آٹو میٹڈ دیٹا پروسیسنگ سسٹم سے منظم طریقے سے مجرمانہ طور پر ڈیٹا کا نکالا جانا ہے۔
یہ تحقیق جنوری میں پراسیکیوٹر کے سائبر کرائمز یونٹ کو دو افراد کی جانب سے فراہم کی جانے معلومات پر مبنی ہے۔ ان دونوں افراد میں ایک ممبر پارلیمنٹ جبکہ دوسرا فرد فرانس کے حکومتی ادارے میں اہم عہدے دار ہے جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
ان افراد نے بیرونی مداخلت کے مقاصد سے ایکس کے مشتبہ ایلگوردم کے استعمال کا الزام عائد کیا تھا۔