بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی میں حاملہ خواتین نے سیاستدان کی جانب سے ہیلی کاپٹر بھیجنے کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے گاؤں کی سڑک بنوانے کا مطالبہ کردیا۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر لیلا ساہو کی جانب سے گاؤں کی خستہ حال سڑک بنوانے کے مطالبے پر بی جے پی کے ایم پی راجیش مشرا کا جواب تنازع کا سبب بن گیا ہے۔
اپنی ویڈیو میں لیلا ساہو نے حکام سے سوال کیا تھا کہ میں اور دیگر خواتین حاملہ ہیں جب ہمارا ڈیلیوری کا وقت آئے گا تو ہم اسپتال کیسے پہنچیں گے؟
جس پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ راجیش مشرا نے انہیں ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
لیلا ساہو کی ویڈیو پر بھارتی سیاستدان نے طنزیہ انداز میں جواب دیا کہ ’’ آپ ڈیلیوری کی تاریخ بتاؤ، ہم ایک ہفتہ پہلے ہی اُٹھوا کر اسپتال میں داخل کروا دیں گے اور اگر ایمبولینس نہیں پہنچی تو ہم ہیلی کاپٹر پہنچا دیں گے۔‘‘
بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر نے اپنی تازہ ویڈیو میں بھارتی سیاستدان کی جانب سے کیے گئے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سڑک بنوانے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ آپ یہاں ہیلی کاپٹر نہیں بھیجو بلکہ سڑک بنوادو کیونکہ ہم لوگوں نے آپ کو ووٹ دیے ہیں۔