بھارتی وزیر مملکت برائے سول ایوی ایشن مرلی دھر موہول کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، حتمی رپورٹ آنے تک کسی نتیجے پر پہنچنا درست نہیں ہو گا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو نے طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔
مرلی دھر موہول نے کہا کہ بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے دوسرے ممالک بھیجنے کی ضرورت نہیں تھی، ہمیں طیارہ گرنے کی حتمی رپورٹ کا انتطار کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ دونوں انجنوں کو ایندھن سپلائی بند ہونے کے باعث پیش آیا۔
بھارت کے ایئر کرافٹ ایکسیڈینٹ انویسٹی گیشن بیورو کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایندھن کنٹرول کرنے والے دونوں سوئچز ایک سیکنڈ کے فرق سے یکے بعد دیگرے “CUTOFF” پوزیشن میں چلے گئے تھے۔ ایندھن کی سپلائی منقطع ہونے سے انجن بند اور جہاز نیچے آنے لگا۔
رپورٹ کے مطابق کاک پٹ ریکارڈنگ میں ایک پائلٹ کو دوسرے سے پوچھتے سنا گیا کہ اس نے ’کٹ‘ کیوں کیا؟ تو دوسرے پائلٹ نے جواب دیا کہ اس نے ایسا نہیں کیا۔
یاد رہے کہ جون میں بھارتی شہر احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے باعث 260 زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔