واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ شب کینیڈا سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 35 فیصد درآمدی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ یکم اگست 2025 سے، کینیڈا سے امریکہ آنے والی مصنوعات پر 35 فیصد ٹیکس لاگو کیا جائے گا، جو تمام شعبہ جاتی محصولات سے ہٹ کر ہوگا۔
امریکی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے میٹ دی پریس کی میزبان کرسٹن وَلکر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام باقی ممالک جن کے ساتھ ابھی تک تجارتی معاہدے نہیں ہوئے یا انہیں کوئی تجارتی خط موصول نہیں ہوا ان پر بھی ایک عمومی ٹیکس شرح نافذ کرنے جا رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم بس یہ کہنے جا رہے ہیں کہ باقی تمام ممالک کو بھی ٹیکس دینا ہوگا، چاہے وہ 20 فیصد ہو یا 15 فیصد۔ ہم اس پر اب کام کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے 20 سے زائد ممالک کو صدر ٹرمپ خطوط بھیج چکے ہیں جن میں انہیں آگاہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ یکم اگست تک کوئی تجارتی معاہدہ نہ کر سکے تو ان کی مصنوعات پر متعین نرخوں کے مطابق محصولات عائد کیے جائیں گے۔