چین میں ایک شخص کے پیٹ سے زندہ ایئل (سانپ نما مچھلی) نکال لی گئی جسے دیکھ کر ڈاکٹر بھی دنگ رہ گئے۔
چین کے صوبے ہونان میں ایک حیرت انگیز اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، ایک 33 سالہ شخص کو شدید پیٹ درد اور پسینے میں شرابور حالت میں اسپتال لایا گیا۔
مریض ہونان میڈیکل یونیورسٹی اسپتال کی ایمرجنسی میں داخل ہوا تو اس کا پیٹ سخت پتھر کی طرح ہو چکا تھا اور وہ شدید تکلیف میں مبتلا تھا۔ سی ٹی اسکین کے بعد ڈاکٹرز کو حیران کن طور پر پیٹ کے اندر ایک غیرمعمولی چیز کی موجودگی کا پتا چلا، جو آنتوں کو چیر کر پیٹ کے اندرونی حصے میں داخل ہو چکی تھی۔
جب ڈاکٹرز نے لاپاروسکوپک سرجری کی تو منظر دیکھ کر سب حیران رہ گئے، ایک زندہ مچھلی مریض کے پیٹ میں اندرونی اعضا کے درمیان تیر رہی تھی، مچھلی نے آنتوں کی دیوار کو مکمل طور پر چیر کر پیٹ کے خالی حصے (abdominal cavity) میں راہ بنا لی تھی، جو کہ جان لیوا ہوسکتی تھی۔
ڈاکٹرز نے کلِیمپ کے ذریعے مچھلی کو نکالا، آنتوں کی مرمت کی اور مکمل صفائی کی تاکہ انفیکشن کا خطرہ کم کیا جا سکے، خوش قسمتی سے مریض جلد صحت یاب ہوگیا اور اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
اس کیس کی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ مچھلی جسم میں کیسے داخل ہوئی، مگر سوشل میڈیا صارفین نے اپنے اندازے لگانے شروع کر دیے۔
اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں، ایشیا میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں جہاں لوگ یا تو قدیم لوک علاج کے چکر میں یا تجسس میں آبی مخلوقات کو جسم میں داخل کرنے کے واقعات میں ملوث پائے گئے۔
ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ ایسی حرکات خطرناک انفیکشنز، اندرونی خون بہنے اور یہاں تک کہ موت کا باعث بن سکتی ہیں۔