پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر خان نے پارٹی کے چھوٹے چھوٹے مسائل ختم کرنے کا فارمولہ بتا دیا۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں جنید اکبر خان نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی فیملی احتجاج کی قیادت کرے تو اچھا ہو گا، اس سے پارٹی کے چھوٹے چھوٹے مسائل ختم ہو سکتے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ پارٹی ورکر بانی کی فیملی سے محبت کرتے ہیں، خواہش ہے کہ علیمہ خان اپنے بھائی کے لیے تحریک چلائیں، ہم ان کی قیادت میں آگے بڑھیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ علیمہ خان پر سب ارکان کا اتفاق ہے، ورکرز بانی کی فیملی سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کو احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن احتجاج کے دوران ریاست سے ایسے ردِعمل کی توقع نہیں کر رہے تھے۔
جنید اکبر خان نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، دہشت گردوں کی طرح ریاست کے خلاف اسلحہ نہیں اٹھا سکتے، اگر ورکر ہم سے محبت کرتے ہیں تو بانیٔ پی ٹی آئی کی وجہ سے کرتے ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کے اہلِ خانہ سے سب پیار کرتے ہیں اور اس سے اتفاق ممکن ہے، چھوٹے چھوٹے اختلافِ رائے ہو سکتے ہیں لڑائی نہیں ہے۔