زمین کی اپنے محور کے گرد گھومنے کی بڑھتی رفتار کے سبب آج کا دن یعنی بدھ 9 جولائی سال کا سب سے مختصر ترین دن ہوگا۔
بی بی سی سائنس فوکس کے مطابق موسم گرما میں دن کے اوقات طویل ہوتے ہیں، لیکن نو جولائی کو زمین کا چکر عمومی دورانیے سے 1.3 ملی سیکنڈ پہلے مکمل ہوگا۔
ہماری زمین کو اپنے محور کے گرد چکر مکمل کرنے میں 24 گھنٹے یا 86 ہزار 400 سیکنڈ لگتے ہیں۔ تاہم، یہ رفتار معمولی مقدار میں اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔
ان تبدیلیوں کو ٹریک کرنے کے لیے بنائی گئی ’انٹرنیشنل ارتھ روٹیشن اینڈ ریفرنس سسٹمز سروس (آئی ای آر ایس) دن کی طوالت کی مسلسل پیمائش کرتی ہے۔
2020 میں آئی ای آر ایس نے ہمارے سیارے کی گردش کی رفتار میں اضافے کی نشان دہی کی تھی اور اس کے بعد یہ رفتار بتدریج بڑھتی جا رہی ہے۔
سروس کے ڈیٹا نے 9 جولائی کے علاوہ 22 جولائی اور 5 اگست کو (جب چاند خط استوا سے سب سے دور مقام پر ہوگا) مختصر ترین دن ہونے کی پیش گوئی کر چکا ہے۔