کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے ملنے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا ہے کہ لاش کا ابتدائی معائنہ کیا گیا ہے، لاش ڈی کمپوز کے ایڈوانس اسٹیج پر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاش اس قابل نہیں کہ اس سے وجۂ موت بتائی جا سکے، وجۂ موت جاننے کے لیے ڈی این اے و کیمیکل ایگزیمن کے لیے سیمپل لیے ہیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا ہے کہ سیمپل کے ایگزیمن کے بعد حقائق سامنے آئیں گے، ابتدائی طور پر وجۂ موت کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی ہے، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں۔
کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، گزشتہ روز بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔