27 C
Lahore
Thursday, July 10, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںجادو ٹونے کا الزام، 5 افراد قتل

جادو ٹونے کا الزام، 5 افراد قتل


—فائل فوٹو

بھارت میں جادو ٹونے کے الزام پر خاندان کے 5 افراد کو قتل کر کے لاشیں تالاب میں پھینک دی گئیں۔

بھارتی ریاست بہار کے ایک گاؤں میں مقامی افراد نے جادو ٹونے کا الزام لگا کر ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا اور ان کی لاشیں قریبی تالاب میں پھینک دیں۔

بھارتی پولیس کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مقامی شخص نے اپنے بیٹے کی موت کا الزام مقتولین پر لگایا اور دعویٰ کیا کہ وہ جادو ٹونا کر کے اس کے بیٹے کی جان لے بیٹھے۔

پولیس نے واقعے میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا جنہوں نے اعترافِ جرم بھی کر لیا۔

پولیس بیان کے مطابق مقتولین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، جس میں سے ایک کی عمر 75 سال تھی، مجرمان نے پانچوں افراد کو بے رحمی سے مارنے کے بعد ان کی لاشوں کو ٹریکٹر پر لاد کر ایک تالاب میں پھینک دیا۔

پولیس کے مطابق قاتل اور مقتولین کا تعلق بھارت کے قبائلی اوراون (Oraon) قبیلے سے ہے، جو کہ بہار کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔

بھارت جیسے ترقی پذیر ملک میں جہاں خلائی مشن بھیجنے کی خبریں عام ہیں، وہیں دیہی اور قبائلی علاقوں میں توہم پرستی اور جادو ٹونے پر یقین آج بھی زندگیوں کو نگل رہا ہے۔

بہار سمیت چند ریاستوں میں جادو ٹونے کے الزامات سے جڑے جرائم کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی گئی ہے، مگر اس کے باوجود ایسے واقعات بدستور رونما ہو رہے ہیں۔

قومی جرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) کے مطابق 2010ء سے 2021ء کے درمیان بھارت میں ایک ہزار 500 سے زائد افراد کو جادو ٹونے کے شبہے میں قتل کیا گیا، جس میں اکثریت خواتین کی تھی۔

انسانی حقوق کے کارکنان اور سماجی تنظیموں نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



مقالات ذات صلة

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

الأكثر شهرة

احدث التعليقات