امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے، سندھ میں سسٹم کی حکومت قائم ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ماتحت ادارے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں۔
منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ 588 عمارتیں مخدوش اور 51 عمارتیں زیادہ حساس ہیں، عمارتیں بنانے کی اجازت کون دیتا ہے؟ ناظم آباد، پی ای سی ایچ سوسائٹی میں پورشن مافیا کا راج ہے۔
انہوں نے کہا کہ متبادل جگہ فراہم کرنا سندھ حکومت کی ذمے داری ہے، شرجیل میمن کہتے ہیں ہماری ذمے داری نہیں، لیاری کا واقعہ نیا نہیں ماضی میں ایسے حادثات ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کو نمبر پلیٹ کے نام پر تنگ کر رہے ہیں، شہر میں پانی نہیں لیکن نمبر پلیٹ تبدیل کروا رہے ہیں، شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے۔