امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ہم تب تک نہیں رکیں گے، جب تک آخری لاپتہ شخص کو تلاش نہ کر لیں۔
ٹیکساس میں 4 جولائی کو آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد ریسکیو آپریشن پانچویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ سیلاب میں اب تک 109 سے زائد افراد ہلاک جبکہ 173 افراد لاپتہ ہیں۔
گورنر گریگ ایبٹ نے تصدیق کی ہے کہ 109 افراد سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 94 ہلاکتیں صرف کیر کاؤنٹی سے ہیں، جبکہ کیر کاؤنٹی میں 161 اور دیگر علاقوں میں 12 افراد لاپتہ ہیں۔
گورنر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا اور صورتحال کو ’تاریخی تباہی‘ قرار دیا۔
گواڈیلوپ دریا کی سطح محض 45 منٹ میں 26 فٹ تک بلند ہوئی جو 2 منزلہ عمارت کے برابر ہے۔
کیمپ مسٹک کی 5 بچیاں اور ایک کونسلر اب تک لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں گورنر نے کہا ہے کہ یہ سب سے دل شکستہ لمحات ہیں۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر لاپتہ کو ڈھونڈ نکالیں، یہ ہمارا پہلا مشن ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے جس سے FEMA کی امدادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ ریاستی، وفاقی، اور مقامی ادارے سیکڑوں رضاکاروں کے ساتھ مل کر مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
گورنر نے اعلان کیا ہے کہ 21 جولائی سے شروع ہونے والے خصوصی سیشن میں متاثرین کی بحالی اور مستقبل کی حکمت عملی زیر بحث آئے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی فرد کیر کاؤنٹی میں لاپتہ ہے تو فوری طور پر 830-258-1111 پر اطلاع دیں۔