نامور اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین نے حال ہی میں انتقال کر جانے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے، لڑکیوں کو زندگی سے متعلق ایک اہم مشورہ دیا ہے۔
نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ حمیرا کی خبر سُن کر دل بہت افسردہ ہے، اللّٰہ پاک ان کو جنت میں جگہ عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ حمیرا کا تعلق شوبز انڈسٹری سے تھا، وہ ماڈلنگ کرتی تھیں اور بعد ازاں اداکاری کی طرف بھی آئیں، حمیرا شاید جدوجہد کے مرحلے سے گزر رہی تھیں اور اکیلی زندگی گزار رہی تھیں۔
نادیہ نے کہا کہ یہ افسوس صرف اس لیے نہیں کہ وہ ہماری انڈسٹری سے وابستہ تھیں، بلکہ اس لیے بھی کہ ہماری معاشرتی حقیقت ہے کہ بہت سی لڑکیاں خاندانی سپورٹ اور اعلیٰ تعلیم کے بغیر مواقع سے محروم رہ جاتی ہیں اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا نہایت مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اکیلے جدوجہد کرنا خاصا مشکل ہو گیا ہے، خاص طور پر خواتین کے لیے۔
نادیہ حسین نے تمام لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ اپنی زندگی کا کنٹرول خود سنبھالیں اور اپنی فیملی، دوستوں یا جس سے آپ کا بھروسے کا رشتہ ہو، ان سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع ایک فلیٹ سے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی تھی، ان کے انتقال کے بعد شوبز حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔