کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے پہلی بار قومی یوتھ گیمز 7سے 13 ستمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوں گے جس میں 14سے17 سال تک بوائز اور گرلز کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے صوبائی ایسوسی ایشنوں کو ایونٹ کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر کیا جائے۔ گیمز کے انعقاد میں حکومت نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، اس سلسلے میں اجلاس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے تنظیمی روڈ میپ پر بات چیت کی، اجلاس میں پی او اے کے صدر عارف سعید، سکریٹری خالد محمود اور دیگر نے شرکت کی، رانا مشہود نے کہا کہ قومی یوتھ گیمز صرف کھیلوں کا ایونٹ نہیں، یہ ایک وژن ہے۔ پی او اے کے حکام نے گیمز پلان سے آگاہ کیا۔