JEDDAH:
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ کے السلام پیلس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے وفد سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں جاری کشیدگی کے دوران باہمی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سعودی-ایرانی تعلقات کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا اور خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ بندی معاہدے کو خطے میں سلامتی اور استحکام کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا، اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گی۔
انہوں نے سعودی عرب کے اس دیرینہ مؤقف کا اعادہ کیا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اور مکالمے کو ترجیح دی جائے، تاکہ تنازعات کو کم کیا جا سکے اور مشترکہ ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کو سراہتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ذاتی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ، اور قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان سمیت دیگر اعلیٰ سعودی حکام بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ کی مکہ مکرمہ میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔