بھارتی گلوکارہ، پاپ اسٹار اور گیت نگار نیہا بھاسن نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے 20 برس کی عمر میں جب وہ ویوا گروپ کا حصہ تھیں تو اپنے موٹاپے کی وجہ سے خودکشی کی کوشش کی تھی، وہ اس وقت 50 کلوگرام کی تھیں۔
ایک انٹرویو میں نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی 43 سالہ گلوکارہ نے کہا کہ انھیں اپنے موٹاپے سے سخت شرمندگی اور ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
واضح رہے کہ نیہا اپنے ہٹ نمبرز: ‘کچھ خاص ہے، ڈنکی اینڈ جگ گھومیا’ اور دیگر کی وجہ سے مشہور ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ جب انھوں نے خودکشی کی کوشش کی تو وہ اس وقت لڑکیوں کے پاپ گروپ ویوا کا حصہ تھیں، جس میں شیما رامچندانی، پراتیچھی موہاپترا، مووہا کمات اور انوشکا منچنڈا شامل تھیں۔
بھارتی سنگھ اور ہرش لمباچھیا کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران انھوں نے کہا 2003 میں انھوں نے کیریئر شروع کرنے کے ایک برس بعد موٹاپے میں کمی کیلئے علاج شروع کروایا تھا، انکے مطابق اپنی نوجوانی کی وجہ سے انھیں اسکے اثرات کا اندازہ نہیں تھا۔
انھوں نے ایک تکلیف دہ واقعے کا بھی ذکر کیا جو اس وقت پیش آیا جب انھوں نے ٹیلی ویژن چینل ویوا کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، اس ٹی وی چینل کے ایک شخص نے کانفرنس روم میں ایک ویڈیو دکھائی جس میں میرے پیٹ پر دائرہ لگاتے ہوئے کہا دیکھیں آپ کتنی موٹی ہیں۔ جس کے بعد گھر جاکر مایوسی اور غصے میں موٹاپہ کم کرنے والی دوا کی آدھی بوتل استعمال کرکے خودکشی کی کوشش کی۔