سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے مزاحیہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے شوبز انڈسٹری میں اپنے کردار کو مزید وسعت دیتے ہوئے موسیقی اور اداکاری کی اکیڈمی کھول لی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں چاہت فتح علی خان نے کہا کہ پہلے میوزک کی اکیڈمی کھولی تھی اب اُسی جگہ پر اداکاری کی کلاسز بھی دی جائیں گی، اس اکیڈمی کا مقصد ان نوجوانوں کو موقع دینا ہے جن میں جنون تو ہے، لیکن انہیں مناسب تربیت نہیں مل پاتی، میں چاہتا ہوں کہ خالص ٹیلنٹ کو نکھارا جائے اور اسے ایک پروفیشنل فنکار میں ڈھالا جائے، اس اکیڈمی کی نمایاں خصوصیت زبان اور تلفظ کی تربیت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ طلبہ پر پہلے مرحلے میں اردو، پنجابی اور انگریزی زبانوں میں درست تلفظ، لہجے اور اظہار سے متعلق خصوصی توجہ دی جائے گی، ایک اچھے اداکار کے لیے ان زبانوں پر عبور ضروری ہے، ہم انہیں ابتدائی تلفظ سے لے کر مکمل اداکاری کی مہارتوں تک لے کر جائیں گے۔
چاہت فتح علی خان کا ماننا ہے کہ یہ اکیڈمی پاکستان میں اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور جامع ادارہ ہوگا جو آواز کے اتار چڑھاؤ، جذباتی اظہار اور ثقافتی فہم کو یکجا کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کی پہلی فلم دی ڈارلنگ اس سال پاکستان بھر کے 50 سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
اگرچہ وہ دو سال قبل بھی ایک فلم مکمل کر چکے ہیں لیکن یہ ان کی پہلی باقاعدہ سنیما ریلیز ہو گی۔
گلوکار نے بتایا کہ یہ ایک منفرد کہانی پر مبنی ہے جس میں مضبوط اداکاری شامل ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ فلم عوام کے دلوں کو چھوئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی دونوں اکیڈمیوں کے طلبہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور طریقے سے پروموٹ کریں گے تاکہ ان کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے آ سکے۔
سوشل میڈیا سینسیشن نے کہا کہ میں ایک ایسا پلیٹ فارم بنا رہا ہوں جہاں مستقبل کے اسٹارز کی تربیت ہوگی اور ان کی ترقی سب کو نظر آئے گی، جلد وہ وقت آئے گا جب بڑے پروڈیوسرز میرے ادارے سے نئے چہرے خود لینے آئیں گے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ موسیقی کی صنعت کے کچھ سینئر فنکار میری مقبولیت سے ناخوش ہیں، لیکن میں ان باتوں پر دھیان دیے بغیر صرف محنت، لگن اور فن کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہوں۔