کراچی (عبدالماجد بھٹی) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا انڈین کرکٹ کونسل بننے کا تاثر مضبوط ہوتا نظر آرہا ہے۔ جے شاہ کے چیئرمین بننے کے بعد آئی سی سی نے پیر کو بھارت کے اسپورٹس براڈکاسٹر کے سینئر عہدیدار سنجوگ گپتا کو نیا چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کر دیا ہے۔ وہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے جیف یلا ڈائز کی جگہ لیں گے۔ جو 4 سالہ مدت کے بعد جنوری میں مستعفیٰ ہوگئے تھے۔ اس عہدے کیلئے 25مالک سے 2500سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں تھیں۔ آئی سی سی کے میڈیا رائٹس پارٹنر سنجوگ گپتا کی بطور سی ای او تقرری مفادات کا تصادم ہے۔ وہ آئی سی سی کی ریونیو شیئرنگ میں بھارت کے زیادہ حصے بات کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنجوگ گپتا کا موقف ہے کہ چونکہ زیادہ پیسے بھارت سے آتے ہیں لہٰذا اس کا شئیر بھی زیادہ ہوگا۔ جے شاہ اس سے پہلے بھارتی بورڈ کے گارو سکسینا اور پربھرکن تھنراج کی آئی سی سی میں تقرری کرچکے ہیں۔ پربھرکن تھنراج آئی سی سی میں کمرشل اینڈ آپریشنز کے نائب صدر ہیں ۔ گارو سکسینا آئی سی سی میں جی ایم ایونٹ اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشنز بن گئے ہیں۔ سنجوگ گپتا اس سے قبل بھارت کے اسپورٹس اور لائیو ایونٹس کے چیف ایگزیکٹو کے طور پر کام کر رہے تھے۔